مالیگائوں ، ۲۷؍ اکتوبر (نامہ نگار) آزاد ہندوستان کے اولین وزیرِ تعلیم عظیم مجاہدِ آزادی امام الہند مولانا ابوالکلام آزاد ؒ کے یومِ پیدائش ۱۱؍ نومبر کو حکومتی سطح پر قومی یومِ تعلیم کا درجہ دیا گیا ہے ۔ لیکن افسوس ناک صورت حال یہ ہے کہ ہمارے اُردو کے تعلیمی ادارے نہ تو مولانا آزاد کو یاد کرتے ہیں نہ ہی قومی یومِ تعلیم کا اہتمام کرتے ہیں ۔ عصر حاضر میں جبکہ مسلمانوں سے اُن کی قومی و مِلّی شناخت چھینی جارہی ہے۔ مولانا آزاد کو یاد کرنا پہلے سے زیادہ ضروری ہے ۔ اور نئی نسل کو اُن کے کارناموں سے واقف کرانا وقت کا تقاضہ ہے ۔ اس مقصد سے اولڈ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن مالیگائوں ہائی اسکول OSOکی جانب سے ۱۱؍ نومبر کو عظیم الشان پیمانے پرمالیگائوں ہائی اسکول کے طلبہ کے روبرو یومِ تعلیم کا انعقاد کرنے کی تیاری ہے ۔ اس کیلئے ماہرِ تعلیم اور مولانا آزاد ؒ کے نواسے پروفیسر فیروز بخت احمد ( نئی دہلی) کو مالیگائوں مدعو کیا جار ہا ہے ۔ اس پروگرام کو شایانِ شان منعقد کرنے کیلئے سابق طلبہ نے مالیگائوں ہائی اسکول انتظامیہ کو اشتراک کی دعوت دی ہے ۔ اس سلسلے میں ایک مکتوب آج OSOکی جانب سے انجمن معین الطلباء کے کرتا دھرتا ضیاء الرحمن سیٹھ زری والاکو سونپا ہے ۔ اور ان سے گذارش کی ہے کہ کیمپس میں قومی یوم تعلیم منایا جائے اور سابق طلبہ اس اہم کام میں اُن کے شانہ بشانہ رہیں گے ۔ گذارش کی گئی ہے کہ ۲ یا ۳ دن کے اندر سابق طلبہ کو اجازت دی جائے تاکہ پروگرام کی تیاری شروع ہو ۔ ضیاء الرحمن سیٹھ زری والانے وعدہ کیا ہے کہ وہ انجمن کے دیگر ذمہ داران اور ہائی اسکول کے ذمہ داران سے مشورہ کرکے جواب دیں گے۔وفد میں ظفر قادری (پرتیما) ، پروفیسر رضوان خان ، عبدالحلیم صدیقی ، نہال ملک ، انصاری غلام رسول خواجہ سیٹھ ، برکتی فہیم باکسر ، ظہیر احمد ، اظہر کامریڈ ، عامر ایوبی اور عبداللہ مبارک شریک تھے ۔
Comments
Post a Comment