ناسک میں سنی تنظیموں کی جانب سے فلاحی خدمات کا سلسلہ دراز

ناسک (عزیز الرحمٰن نوفل / پریس ریلیز) وبائی حالات کے پیشِ نظر ناسک کی سنی تنظیموں نے غریب عوام کی خدمات و فلاح کا سلسلہ مختلف رُخ سے دراز کیا ہوا ہے- کسی جگہ کوئی راشن کٹ دے رہا ہے تو کوئی کھانا کھلا رہا ہے- ان سُنّی تنظیموں میں نوری مشن ناسک، کنزالقرآن فاؤنڈیشن، شاہ صادق اکیڈمی، جماعت رضائے مصطفیٰ، خطیب فیملی، راحت فاؤنڈیشن و دیگر تنظیمیں شامل ہیں- نوری مشن و کنزالقرآن فاؤنڈیشن کی سرپرستی سید الطاف علی علوی حسینی فرما رہے ہیں اور نگرانی حضرت سید ندیم نوری سعدی فرما رہے ہیں- جب کہ خطیب شہر حافظ حسام الدین اشرفی صاحب بھی تندہی سے لگے ہوئے ہیں- اہم بات یہ رہی کہ سب ایک دوسرے کا ساتھ دے رہے ہیں تا کہ حالات کی ناہمواری میں مستحق و پریشاں حال افراد کی پریشانی دور کی جا سکے- شہنشاہِ ناسک حضرت سید صادق شاہ حسینی علیہ الرحمۃ کے فیض سے اہلِ ناسک سرگرمِ عمل ہیں- ناسک کے اساتذہ، ڈاکٹرز، پروفیسرز اور عمائدینِ شہر ان حالات میں لوگوں کی رہنمائی کر رہے ہیں تا کہ وبائی امراض سے احتیاط ہو سکے- نوری مشن کے ڈاکٹر امام خان کو کرونا وائرس کے متاثرین کے علاج کے لیے باقاعدہ منتخب کیا گیا اور موصوف خدمت انجام دے رہے ہیں- خدمت فاؤنڈیشن اور یوسفیہ فاؤنڈیشن کی سرگرمیاں بھی لائقِ قدر ہیں- بہر کیف اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دُعا ہے کہ مصائب و مشکلات دور ہوں اور لوگ راحت و سکون کی زندگی گزاریں- ایسی رپورٹ نوری مشن ناسک و ناسک کی سنی تنظیموں نے جاری کی-

Comments