شب برات کی عبادات اپنے گھروں میں انجام دیں ۔مساجد اور قبرستان پہنچنے سے مکمل بچیں۔جمعیۃ علماء مالیگاؤں و ضلع ناسک کی اہم و خصوصی اپیل
مالیگاؤں ( پریس نوٹ)شب برات برکتوں والی رات ہے احادیث مبارکہ میں اس شب کے متعلق بہت سے فضائل وارد ہوئے ہیں۔شب برات میں عبادت کرنا باعث ِ اجر و ثواب اور اسکی خصوصی اہمیت ہے۔ نفلی عبادت جس قدر ہوسکے وہ اس رات میں انجام دی جائے، ذکرکریں، تسبیح پڑھیں، دعائیں کریں، اپنے مرحومیں اور امت مرحومہ کیلئے ایصال ثواب کا اہتمام کریں یہ عبادتیں گھر پر رہ کر بہتر طریقے سے انجام دی جاسکتی ہیں۔ مسلمان عمومااس رات مساجد میں نمازیں ادا کرتے ہیں، قبرستان کی زیارت کرتے ہیں، مرحومین کے ایصال ثواب کی نیت سے غربا ومساکین کی اعانت کرتے ہیں اورپندرہ شعبان کو دن میں روزہ بھی رکھتے ہیں ۔لیکن یہ ذہن میں رکھیں کہ قبرستان جانے کے سلسلے میں بھی فقہاء کی رائے ہے کہ ہر شب برات میں جانے کا اہتمام کرنا شرعا لازم نہیں ہے۔
جمعیۃ علماء ضلع ناسک کے صدر مفتی آصف انجم ملی ندوی،شہری صدر مولانا شفیق احمد القاسمی نے ایک پریس اعلامیہ میں کہا ہے کہ فی الحال چونکہ کورونا وائرس ایک عالمی وبا بن کر ساری دنیا میں قیامت صغری برپا کئے ہوئے ہے اس لئے ملک میں مکمل لاک ڈاون نافذ ہے، ڈاکٹروں کے مطابق چونکہ یہ بیماری ایک دوسرے کے رابطے سے مزید پھیلتی ہے اس لئے مساجد میں عمومی جماعت اور جمعہ پر بھی قانونی روک ہے۔ شریعت اسلامیہ میں بھی ایسی تعلیم دی گئی ہے ۔اس لئے ہم تمام برادران اسلام سے درخواست کرتے ہیں کہ شب برات میں اجتماعی عبادتوں سے پرہیز کریں، قبرستان بھی نہ جائیں ،سارے قبرستانوں کے دروازے بند رہیں گے۔نوجوانوں سے دردمندانہ اپیل ہے کہ بلاوجہ سڑکوں پر نہ نکلیںاپنے گھروں میں عبادات کریں، اپنی دعاوں کیساتھ خصوصی طور پر یہ دعا بھی فرمائیں کہ رب العالمین کروناوائرس سے اس سے دنیا کو جلد از جلد نجات عطافرمائے، جو اس بیماری کا شکار ہیں ان کو شفاء کامل عطا فرمائے۔جمعیۃ علماء مالیگاؤں و ضلع ناسک اپنی صوبائی و مرکزی سرکیولر وہدایات کی روشنی میں شب برات کے موقع پر سوشل ڈسٹنسنگ بنانے رکھنے کی اپیل کر تے ہوئے امت مسلمہ کو اس موقع پر اپنے گھروں میں رہ کر ہی عبادت کرنے نیزضرورت مندوں کی امداد کابھی اہتمام کرنے کی اہم و خصوصی اپیل کرتی ہے ۔شب برات کے موقع پر ہرگزہرگز اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں بلکہ اپنے گھروں میں نماز اور دیگر عبادتوں میں خود کو مشغول رہیں۔ٹرسٹیان کرام و ائمہ مساجد، علاقے کے ذمہ دار حضرات اور جمعیۃ علماء کے ہر مقامی عہدیداروں وارکان سے گزارش ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں بالخصوص نوجوانوں کومتوجہ کریں کہ اپنے اپنے گھرو ں میں رہیں اور سڑک وغیرہ پر نہ گھومیں پھریں۔
Comments
Post a Comment