مالیگاؤں 22 جون (این ایم این) ان دنوں ریاست میں ایک مرتبہ پھر مسلم ریزرویشن کی مانگ زور پکڑ رہی ہے مختلف سیاسی سماجی شخصیات اس مطالبے کو شد مد سے اوپر تک پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں- اس سلسلہ میں مالیگاؤں سینٹرل حلقہ کے رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی جوکہ ممبئی میں خیمہ زن ہیں نمائندہ کو بذریعہ فون اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ "مہاراشٹر سمیت پورے ملک میں مسلمانوں کی تعلیمی و معاشی حالت بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے رنگناتھ مشرا کمیشن، سچر کمیٹی رپورٹ اور ڈاکٹر محمود الرحمن کمیٹی نے تو مسلمانوں کی حالت زار کھل کر نا صرف بیان کی ہے بلکہ مسلمانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے انہیں ریزرویشن دینے کی بھی مانگ کی ہے ایسے میں ہمارا موقف روز اول سے واضح ہیکہ مسلمانوں کو انکا جائز حق یعنی ریزرویشن دیا جائے-" موصوف نے اپنی گفتگو کا سلسلہ دراز رکھتے ہوئے بتایا کہ "سابقہ کانگریس این سی پی حکومت نے مسلمانوں اور مراٹھا سماج کو پانچ فیصد ریزرویشن دینے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اسے جان بوجھ کر قانونی شکل نہیں دی چھ ماہ میں اس ریزرویشن کی کوئی قانونی حیثیت باقی نہیں رہی اسکے بعد بی جے پی کی حکومت نے مسلمانوں کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے مراٹھا سماج کا ریزرویشن باقی رکھا-" موصوف نے بتایا کہ موجودہ سرکار سے انکا مطالبہ یہ ہیکہ" سرکار مسلمانوں کو مذہب کی نہیں انکی پسماندگی کی بنیاد پر نا صرف تعلیمی میدان بلکہ روزگار میں بھی ریزرویشن دے- اسکے لئے وہ اپنی پارٹی اور سیکولر پارٹیوں کے ایم ایل ایز کیساتھ حالات سازگار ہوتے ہی وزیر اعلی سے ملاقات کرکے ریزرویشن کیلئے دباؤ بنائیں گے-"
Comments
Post a Comment