گرہن اللہ تعالیٰ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے، زمانۂ جاہلیت میں لوگوں کا یہ عقیدہ تھا کہ ’’سورج گہن اور چاند گہن‘‘ کسی بڑی شخصیت کے انتقال کی وجہ سے ہوتے ہیں‘ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس فاسد عقیدہ کی تردید فرمائی۔ بخاری شریف کی روایت میں ہے- " بلاشبہ سورج اور چاند کسی کے مرنے کی وجہ سے گرہن نہیں ہوتے ہیں، لیکن وہ دونوں اللہ کی نشانیوں میں سے دو نشانیاں ہیں، لہٰذا جب تم سورج چاند گرہن دیکھو تو کھڑے ہوجاوٴ اور نماز پڑھو۔ (بخاری: 142/1)" اور مسلم شریف کی روایت میں صدقہ دینے کا حکم بھی وارد ہوا ہے - اس روایت سے معلوم ہوا کہ سورج، چاند میں گرہن کا لگنا قدرت الٰہی کی نشانیوں میں سے ہے، تاکہ لوگوں پر چاند اور سورج کا عاجز ہونا ظاہر ہوجائے، اور روایت بالا سے یہ بھی معلوم ہوا کہ" گرہن" کے وقت ہمیں کیا کرنا چاہئے ۔
*✅کون سے اعمال کئے جائیں✅*
گرہن کے متعلق شریعت کا حکم یہ ہے کہ جب تک لگا رہے، نماز اور توبہ واستغفار میں مشغول رہنا چاہئے، حضوراکرم صلی اللہ علیہ و سلم سے ان اوقات میں مخصوص نماز بھی منقول ہے، اسی طرح صدقہ دینا بھی مروی ہے ۔
*نماز کسوف :* سورج گہن کی نماز بالاتفاق سنت ہے، اور جماعت سے ادا کرنا سنت کفایہ ہے، نماز کسوف کی دو رکعتیں ہیں، جو بلا اذان و اقامت غیر مکروہ وقت میں باجماعت ادا کی جائیں گی ۔
راجح قول کے مطابق نماز کسوف میں سراً قرأت کی جائے گی، صاحبین رحمھمااللہ کے نزدیک جہراً بھی پڑھی جاسکتی ہے، اور طویل قرأت کرنا افضل ہے
*❌کن چیزوں سے بچا جائے❌*
گرہن کے متعلق لوگوں میں طرح طرح کی توہمات رائج ہیں ۔
مثلاً : اس وقت کھانا نا کھانا، حاملہ عورت کا گھرکے کام کاج سے رکے رہنا، خصوصاً چھری کے استعمال سے اجتناب کرنا۔
یاد رہے شریعت میں گرہن کے وقت اس طرح کا کوئی حکم نہیں دیا گیا ہے، اور نہ ہی طِب سے اسکا کوئی تعلق ہے، یہ باتیں توہم پرستی کی ہیں، لہٰذا اس باطل عقیدہ کا ترک کرنا ضروری ہے ۔
اللہ تعالٰی ہم سب کے عقائد کی حفاظت فرمائے ۔ آمین
*جمعیت علماء مالیگاوں مدنی روڈ کی جانب سے عامۃ المسلمین سے گذارش کی جاتی ہے کہ کل بروز اتوار 21 جون 2020 اس سال کا پہلا اور طویل مدت سورج گرہن ہوگا، تمام ہی مردوخواتین ان اوقات میں قیامت کو یاد کریں، آخرت کا استحضار اپنے دل میں پیدا کریں، ذرائع کے مطابق ہمارے شھر میں گرہن کا وقت اندازاً صبح 10 بجے سے 3 بجے تک ہوگا، ان اوقات میں اللہ کی طرف رجوع کریں، اوپر ذکر کیئے گئے مسائل کی روشنی میں اعمال میں مشغول رہیں، اپنے لیے اور پوری امت مسلمہ کے لیے دعا فرمائیں۔ اس طرح کے رہنمایانہ خطوط صدرواراکین جمعیت علماء مالیگاؤں مدنی روڈ نے جاری کیا-
Comments
Post a Comment