مالیگاؤں : مساجد کھول دی گئی، جامع مسجد میں مفتی اسماعیل کی اقتداء میں نماز فجر ادا کی گئی

مالیگاؤں، 16 نومبر (این ایم این) : حکومتی احکامات کے مطابق آج سے ریاست بھر کی تمام مذہبی عبادت گاہیں کھول دی گئیں ہیں- حکومت کے عبادت گاہوں کے کھولنے والے احکامات کے مطابق مالیگاؤں میں بھی آج نماز فجر سے شہر بھر کی تمام مساجد کو کھول دیا گیا- جس سے نمازیوں کے چہرے کِھل اٹھے کہ اب وہ کُھل کر نماز و دیگر عبادات انجام دے سکیں گے- شہر کی عظیم و قدیم جامع مسجد گُڑ بازار کا دروازہ بھی کھول دیا گیا جامع مسجد کے سینیئر موذن شکیل احمد نے بتایا کہ "آج نماز فجر سے جامع مسجد کھول دی گئی ہے یہاں نماز فجر مفتی اسماعیل قاسمی کی اقتداء میں ادا کی گئی- جامع مسجد کھل جانے سے لوگوں میں خوشی کا ماحول ہے-" مسجد حمیدیہ بڑا قبرستان کے امام مولانا عبیدالرحمٰن ابن مولانا عبدالباری قاسمی نے بتایا کہ " ہم نے حکومت کے احکام پر عمل کرتے ہوئے لاک ڈاؤن میں مختصر مصلیان کے ساتھ نماز ادا کی اور سوشل ڈسٹنس کا پالن کیا آج جبکہ حکومت نے اجازت دیدی ہے ہم خوش ہیں اور حکومت نے عبادات گاہیں کھولنے کیلئے جن جن شرائط و ضوابط کا اعلان کیا ہے ہم اس پر عمل آوور ہونگے-" مسجد احمد مصطفیٰ (صلی اللہ علیہ وسلم) کے امام و خطیب و سکریٹری جمعیۃ علماء مالیگاؤں نے بھی حکومت کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے اور خوشی کا اظہار کرتے ہوتے لوگوں سے احتیاطی تدابیر کیساتھ عبادتوں کو انجام دینے کی اپیل کی ہے-

Comments