مالیگاؤں سمیت ضلع ناسک میں فی الحال لاک ڈاؤن نہیں.....ضلع کلکٹر سورج ماندھڑے نے مالیگاؤں کا ہنگامی دورہ کیا

مالیگاؤں، 25 نومبر (این ایم این) : ایک مرتبہ پھر سے کورونا کی آہٹ پوری دنیا میں محسوس کی جارہی ہے احتیاطی طور پر ہمارے ملک میں بھی کورنا کی دوسری لہر کو روکنے یا اس سے لڑنے کی تیاریاں قبل از وقت کی جارہی ہیں اسی سلسلہ کی ایک کڑی کے طور پر ناسک کے ضلع کلکٹر سورج ماندھڑے نے آج مالیگاؤں کا ہنگامی دورہ کیا اور موصوف نے نا صرف مالیگاؤں کی صورتحال کا جائزہ لیا بلکہ پولس آفیسران، محصول محکمہ اور میونسپل انتظامیہ کیساتھ ایک ایمرجنسی میٹنگ بھی لی-مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے ہال میں منعقدہ اس میٹنگ میں ضلع کلکٹر سورج ماندھڑے، ایڈیشنل کلکٹر دھننجے نکم، پرانت آفیسر وجئے آنند شرما، ایڈیشنل ایس پی چندر کانت کھانڈوی، میونسپل کمشنر ترمبک کاسار، ہیلتھ آفیسر سپنا ٹھاکرے سمیت دیگر آفیسران موجود تھے- آفیسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد ضلع کلکٹر سورج ماندھڑے نے چنندہ اخباری نمائندگان سے گفتگو کی اور بتایا کہ "کورونا کی دوسری لہر کے خدشے سے قطعی انکار نہیں کیا جاسکتا عوام احتیاط کا دامن ہاتھ سے جانے نا دیں لیکن اگر خدا ناخواستہ کورنا  کی دوسری لہر سے ہم اگر دوچار بھی ہوئے تو ہم اس سے بچاؤ کیلئے تیاریاں مکمل کررہے ہیں-" موصوف نے مزید کہا کہ "کویڈ سینٹرس اور آکسیجن سمیت ضروری ادویات کا اسٹاک جمع کیا جارہا ہے کورنا کی لڑائی میں مالیگاؤں کی عوام نے پہلے جس طرح ساتھ دیا تھا اب سے زیادہ بڑھ کر ساتھ دیں" کیا مالیگاؤں میں پھر سے لاک ڈاؤن لگ سکتا ہے؟ اس سوال کے جواب میں موصوف نے کہا کہ "ابھی لاک ڈاؤن کی ضرورت نہیں احتیاط کیساتھ کاروبار جاری رکھے جائیں تاکہ لوگوں کو معاش میں بھی ملے اور کورنا سے لڑا بھی جاسکے البتہ حالات قابو سے باہر ہوئے تو ریاستی حکومت سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ لیا جاسکتا ہے-" ایک سوال کے جواب میں موصوف نے کہا کہ "چونکہ ناسک ضلع گجرات کی سرحد سے منسلک ہے لہذا اسے سیل کیا گیا ہے باہر سے آنے والوں کی سخت نگرانی کی جارہی ہے بذریعہ بس، ریلوے اور ہوائی جہاز سے آنے والے مسافرین کی جانچ کیلئے ٹیم بنائی گئی ہے بغیر جانچ کے کسی کو مالیگاؤں اور ناسک ضلع میں آنے نہیں دیا جائیگا"

Comments