حاجی سید عثمان ڈونگرے نگر پریشد اردو کو ملا ریاستی مثالی اسکول ایوارڈ.... رئیس الدین قاضی نے وزیر تعلیم کے ہاتھوں قبول کیا ریاستی مثالی اسکول ایوارڈ
کھام گاؤں (واثق نوید) بلڈانہ شہر کی حاجی سید عثمان ڈونگرے نگر پریشد اردو اسکول نمبر 2 کو اسکی شاندار کارکردگی کی وجہ سے ریاستی مثالی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ صدر مدرس قاضی رئیس الدین علیم الدین نے آج مورخہ 4 جنوری کو ریاستی سطح کے مثالی اسکول ایوارڈ ریاست مہاراشٹر کے وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ کے ہاتھوں قبول کیا۔ جس کی پورے ضلع میں سرہنا کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر راجیہ نگر پالیکا و مہا نگر پالیکا شکشک سنگھ کی جانب سے ریاستی سطح پر مثالی مدرس ، مثالی صدر مدرس ، مثالی اسکول ، منتخب کرکے انکا اعزاز و استقبال کیا گیا۔ اس ضمن میں بلڈانہ شہر کی حاجی سید عثمان ڈونگرے نگر پریشد اردو مڈل اسکول کی ہمہ جہتی ترقی کو دیکھتے مثالی اسکول ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ معلوم رہے کہ اسکول کے صدر مدرس قاضی رئیس الدین نے اپنے معاونین کے تعاون سے اسکول کی ترقی میں چار چاند لگا دئیے ہیں۔ موجودہ دور کو دیکھتے ہوئے ڈیجیٹل اسکول، خوبصورت باغ ، ریاضی اور سائنس کونا ، لائبریری ، آئی سی ٹی تجربہ گاہ ، پابندی سے اسکول میں کھیل کود کے سالانہ مقابلے اور ثقافتی پروگراموں کا انعقاد ، اسکالر شپ کے لئے طلباء کی خصوصی رہنمائی کی بدولت بہترین نتائج ، چھوٹے بچوں کے لئے سی ایف ای ، طلباء کی حفاظتی انتظامات کے تحت سی سی ٹی کیمرے ، پنے کے لئے صاف اور ٹھنڈا پانی کا انتظام ، معیار تعلیم بڑھانے کے لئے اسکول میں نئے نئے تعلیمی تجربات، درس وتدریس کے لئے نئے تعلیمی سافٹویئر اور وسائل تعلیم کی فراہمی ، اسکول میں موجود انہی وسائل کو دیکھتے ہوئے اسکول کو مثالی اسکول ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ آج 4 جنوری 2021 کو لوناوالہ میں منعقد اعزازی تقریب میں دیا گیا۔ وزیر تعلیم ورشا گائیکواڑ کے ہاتھوں ممنٹو ، سند ، شال، گلدستہ دیکر اسکول کے صدر مدرس قاضی رئیس الدین علیم الدین قاضی کو نوازا گیا۔
Comments
Post a Comment