اسدالدین اویسی پر جان لیوا حملہ کرنیوالے دونوں ملزمین کی کورٹ میں پیشی، 14 دنوں کی عدالتی تحویل ملی

ہاپوڑ (ہندوستان سماچار) آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے قومی صدر اور رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کی کار پر حملہ کرنے والے دو ملزمان کوسی جے ایم عدالت نے جمعہ کے روز 14 دن کی عدالتی حراست میں بھیج دیا۔ ہاپوڑ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپک بھوکر نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں 14 دن کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا۔پولیس افسر ڈاکٹر تیجویر سنگھ نے بتایا کہ پوچھ گچھ کے دوران دونوں ملزمان نے بتایا کہ وہ دونوں دوست ہیں۔ وہ دونوں اویسی بھائیوں کی زہریلی تقریروں سے دکھی اور مشتعل تھے۔ انہوں نے اویسی کو سبق سکھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ جمعرات کے روز جب اویسی اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی پارٹی کے امیدواروں کی تشہیر کرنے آئے تو انھوں نے اسے مناسب موقع سمجھ کر اس واقعے کو انجام دیا۔ ملزمان نے بتایا کہ انہوں نے ٹول پلازہ پر حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا کیونکہ ان کی گاڑی کو ٹول کی ادائیگی کے لیے چند لمحے ٹول پلازہ پررکنا تھا۔ جیسے ہی اویسی کی گاڑی ٹول پر رکی، انہوں نے گولی چلا دی۔ قابل ذکر ہے کہ اویسی میرٹھ ضلع کے کٹھور میں انتخابی مہم چلانے کے بعد جمعرات کی شام دہلی واپس آ رہے تھے۔ دریں اثنا ان کی گاڑی پر پلکھوا کے قریب چھجارسی ٹول پلازہ پر فائرنگ کی گئی۔ ایک ملزم کو اویسی کے کارکنوں نے موقع سے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ دوسرا کچھ دیر بعد پکڑا گیا۔

Comments