مفتی اسمٰعیل بدعنوانی میں ملوث، جائیداد کی اینٹی کرپشن بیورو سے تحقیقات کی جائے

ممبئی (آئینہ شہر مالیگاؤں) مالیگاؤں سینٹرل کے  ایم ایل اے مفتی محمد اسماعیل عبدالخالق کی جائیداد کی تحقیقات محکمہ انسداد بدعنوانی (اینٹی کرپشن بیورو) کے ذریعے کی جائے ۔مالیگاؤں شہر کے ایم ایل اے نے گزشتہ 10 سالوں میں حکومت کی اسکیموں اور حکومت کی طرف سے منظور کی گئی ذیلی اسکیموں میں ٹھیکیداروں کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر کرپشن کیا ہے۔ ایم ایل اے مفتی اسمٰعیل نے بل کی رقم بڑھا کر سڑکوں وغیرہ کا کام بہت سست رفتاری سے جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ میونسپل کارپوریشن میں ان کے تجویز کردہ کام میں ان کی پارٹی کے کارپوریٹروں نے ایم ایل اے فنڈ سے کئے گئے کاموں میں بھی بدعنوانی کی ہے۔ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ مالیگاؤں سینٹرل کے مجلس اتحاد المسلمین کے رکن اسمبلی مفتی اسمٰعیل پر لگائے گئے الزامات کی روشنی میں مکمل جانچ کی جائے اور تمام معاملات کی تحقیقات کا حکم دیا جائے اور مالیگاؤں شہر کو کچرا اور سیوریج سے پاک بنانے کے لیے بطور گورنر آپکو مالیگاؤں کیلئے اقلیتی شہر کے طور پر خصوصی فنڈ منظور کرنا چاہیے۔اسطرح کا ایک سنسنی خیز مکتوب مہاراشٹر جنتا دل سیکولر کے سیکرٹری ڈاکٹر گریس موہیتے نے مہاراشٹر کے گورنر رمیش بیس سے کیا ہے ۔جنتا دل سیکولر کے ریاستی سیکرٹری ڈاکٹر گریس موہیتے نے مفتی اسمٰعیل پر الزامات لگائے ہیں کہ انہوں نے مالیگاؤں شہر میں کارپوریشن کے تجویز کردہ کاموں میں  پارٹی کے کارپوریٹرس نے بڑے پیمانے پر لوٹ کھوسٹ کیا ہے۔اسی طرح مفتی اسماعیل نے اپنی دونوں ٹرم یعنی دس سالوں میں سرکار کی مختلف اسکیموں کے کاموں میں خرد برد کیا ہے ۔اسی طرح ایم ایل اے مفتی اسمٰعیل نے اپنے ایم ایل اے فنڈ کے کاموں میں بھی بدعنوانی کی ہے ۔لہٰذا ان تمام معاملات کو سنگین سمجھتے ہوئے ان کے خلاف اینٹی کرپشن بیورو کے ذریعے جانچ پڑتال کی جائے اور مناسب کارروائی کی جائے ۔اس ضمن میں مذکورہ بالا مکمل تفصیل و میمورنڈم کی کاپی نمائندہ آئینہ شہر کو بذریعہ واٹس ایپ موصول ہوئی ہیں ۔اس سلسلے میں جب نمائندہ نے ممبئی رابطہ کرتے ہوئے حقیقت جاننا چاہی تو یہ بات پتہ چلی کہ واقعی میں مہاراشٹر جنتا دل سیکولر کے سیکرٹری ڈاکٹر گریس موہیتے کی گورنر کو کی گئی اس شکایت پر مفتی اسماعیل کی مشکلات میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔خیال رہے کہ مفتی اسماعیل کے متعلق جنتا دل سیکولر کے تیور پچھلے دیڑھ سال سے تیکھے تیکھے نظر آرہے تھے ۔اس بیچ جنتادل سیکولر مالیگاؤں نے بارہ نومبر معاملہ میں شہر کے دبدبہ کو لیکر ایم ایل اے کی نمائندگی پر سوال بھی اٹھایا تھا وہیں جنتادل سیکولر نے اپنی نیوز اور پریس کانفرنس میں بھی مختلف مواقع پر مفتی اسماعیل کی کارکردگی کو نشانہ بنایا اور ان پر تنقید بھی کرتے رہے ۔اسی طرح جنتا دل مالیگاؤں نے ایک بھی موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا اور جب موقع ملا جنتا دل نے مفتی اسمٰعیل کو ٹارگیٹ کیا ۔ابھی حال ہی میں رمضان المبارک میں رام نومی کے واقعات کے بعد شہر کے دبدبہ کی بات کرتے ہوئے سیاسی نمائندگی کو کمزور بتایا اور ایم ایل اے پر انگلی اٹھائی ۔مالیگاؤں شہر میں اسی جنتا دل سیکولر نے مفتی اسمٰعیل کو مسٹر 20 پرسنٹ کا خطاب بھی دیا ۔جنتا دل نے تلواڑہ تالاب سے نئی پائپ لائن کے معاملے میں بھی ایم ایل اے مفتی اسمٰعیل کو نیچا دکھا کر کریڈٹ لینے کا ببانگ دہل اعلان کیا ۔ اتنا ہی نہیں حال ہی میں رمضان المبارک کے موقع پر عوامی سہولیات کی عدم فراہمی پر کارپوریشن گیٹ پر جنتا دل سیکولر نے دھرنا دیا اور کمشنر چور ہے چور ہے نعرے لگائے لیکن اسی درمیان جب مفتی اسماعیل قاسمی کارپوریشن گیٹ سے باہر نکلنے لگے تو جنتا دل سیکولر کے مظاہرین کے نعرے کمشنر چور ہے کی بجائے تبدیل ہو سب چور ہیں سب چور ہیں کے نعرے لگانے لگے ۔اسکے بعد بھی جنتا دل والے کہتے ہیں کہ ہم مہا گٹھ بندھن میں ہیں اور کل بھی رہیں گے ۔عید الفطر پر جب مفتی اسماعیل نے جنتادل کے دبدبہ والے بیان کا پوسٹ مارٹم کیا تو جنتا دل بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی اور عید ملن پروگرام میں پہنچ کر مفتی اسماعیل کو مبارکباد دینے لگے لیکن عید بعد ہی پھر سے جنتا دل نے اپنی پالیسی تبدیل کرتے ہوئے اکیلے چلو کی پالیسی اپنائی اور مفتی اسماعیل پر تنقید کرتے ہوئے میرا شہر میرا دبدبہ کے نام سے ممبر سازی شروع کردی ۔مالیگاؤں جنتا دل سیکولر کی مفتی اسماعیل کے خلاف کھل کر بیان بازی اور بغاوت کرنا پھر واپس دوستی کا ناٹک کرنا وغیرہ کی تفصیلات اور مہاراشٹر جنتا دل سیکولر کی جانب سے مفتی اسماعیل کے خلاف گورنر سے شکایت کر ان پر بدعنوانی کا سنگین الزام لگانا اس بات کی طرف اشارہ کررہا ہے کہ سب کچھ ٹھیک ٹھاک نہیں ہے ۔مالیگاؤں شہر جنتا دل سیکولر مہا گٹھ کے نام پر اور مہا گٹھ بندھن کے صدر مفتی اسماعیل سے اظہار ہمدردی و سرپرستی کا واویلا مچا رہی ہیں اور کہہ رہی ہیں کہ ہم مہا گٹھ بندھن باقی رکھیں گے اور مفتی اسماعیل ہی ہمارے سرپرست ہیں لیکن یہ کیا دوسری جانب جنتادل سیکولر مفتی اسماعیل کی پیٹھ میں چھرا گھونپ رہی ہیں ۔کیا جنتا دل سیکولر مالیگاؤں اور مہاراشٹر جنتا دل سیکولر کا ایک نکاتی پروگرام مفتی اسماعیل کو نشانہ بنانا ہے؟ کیا ممبر سازی کے نام پر جنتا دل اپنا ووٹ بینک جو مفتی اسماعیل نے چھین لیا ہے کوئی واپس لینا چاہتی ہیں؟ کیا مہا گٹھ بندھن کے نام پر جنتا دل مفتی اسماعیل کو دھوکہ دینے والی ہیں؟ ان جیسے کئی سوالات اب جنم لے رہے ہیں کیونکہ جنتا دل سیکولر کے ریاستیں سیکرٹری نے مفتی اسمٰعیل پر بدعنوانی کا سنگین الزام عائد کیا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ مفتی اسماعیل اس معاملے میں کیا موقوف اختیار کرتے ہیں؟ اس پر شہریان کی نظریں لگی ہوئی ہیں؟ اسی طرح مفتی اسماعیل کے کارپوریٹرس پر بھی بدعنوانی کا الزام جنتا دل سیکولر کے ریاستی سیکرٹری نے عائد کیا ہے تو کیا کارپوریٹرس بھی اس معاملے میں جنتا دل کی منہ میں رام اور بغل میں چھری کی پالیسی پر اپنا سخت موقف اختیار کریں گے؟ اس پر بھی نظریں لگی ہوئی ہیں۔

Comments