الیکشن کا ٹکٹ حاصل کرنے کیلئے جھگڑا کیا تو کان کے نیچے بجاؤں گا (اجیت دادا پوار)

پونے: (ایجنسی) این سی پی کے سینئر لیڈر اجیت پوار نے پارٹی کارکنان کو تنبیہ کی ہے کہ اگر انہوں نے الیکشن کے دوران ٹکٹ کیلئے جھگڑا کیا تو ان کے کان کے نیچے بجاؤں گا، یعنی وہ انہیں تھپڑ ماریں گے۔ ان دنوں این سی پی مختلف مقامات پر لوک سبھا الیکشن کے تعلق سے پارٹی کارکنان کی میٹنگ بلا رہی ہے۔ پونے میں منعقدہ میٹنگ کے دوران اجیت پوار نے یہ تنبیہ کی ہے۔ اطلاع کے مطابق لوک سبھا الیکشن کی تیاری کے تعلق سے پونے میں منعقدہ میٹنگ کے دوران اجیت پوار نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ” ٹکٹ کے تعلق سے تنازع نہیں چاہئے ، اگر کسی نے لوگوں کا کام نہیں کیا اور ٹکٹ کے تعلق سے جھگڑا کیا تو اس کے کان کے نیچے بجاؤں گا اور عہدہ چھین لوں گا ۔ حال ہی میں وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش ظاہر کر چکے اجیت پوار نے کارکنان کو سمجھایا کہ " لوگوں کے کام کرنے کیلئے آپ کو عہدے دیئے گئے ہیں۔ اگر لوگوں کے کام نہیں کئے تو عہدے پر رہ کر کیا فائدہ؟ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ” جو امیدوار جیتنے کے قابل ہیں انہی کو ٹکٹ دیا جائے گا۔ اس میٹنگ میں ۳ لوک سبھا حلقوں کے کارکنان اور عہدیداران موجود تھے۔
(آئی این این انپٹس کیساتھ)

Comments