این سی پی اسمبلی و پارلیمنٹ الیکشن بی جے پی کیساتھ مل کر لڑے گی (اجیت پوار)

ممبئی (ایجنسی) اتوار کے روز ایکناتھ شندے کی قیادت والی حکومت میں ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے بعد اجیت پوار نے کہا، وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا ہے۔ وہ دوسرے ممالک میں بھی مقبول ہے۔ ہر کوئی ان کی حمایت کرتا ہے اور ان کی قیادت کو سراہتا ہے۔ ہم (این سی پی اجیت پوار گروپ) آئندہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات ان (بی جے پی) کے ساتھ لڑیں گے اور اسی لیے ہم نے یہ فیصلہ لیا ہے۔

اجیت پوار نے مزید کہا کہ، “ہمارے پاس تمام نمبر ہیں، تمام ایم ایل اے میرے ساتھ ہیں۔ ہم یہاں ایک پارٹی کے طور پر جمع ہوئے ہیں۔ ہم نے تمام سینئرز کو بھی مطلع کر دیا ہے۔ جمہوریت میں اکثریت کو اہمیت دی جاتی ہے۔ ہماری پارٹی 24 سال پرانی ہے اور نوجوان قیادت کو آگے آنا چاہئے۔

وہیں مہاراشٹر کے وزیر چھگن بھجبل نے کہا کہ “وہ (اپوزیشن) کہہ رہے ہیں کہ ہم یہاں ہیں کیونکہ ہمارے خلاف مقدمات ہیں اور ہم دباؤ میں ہیں۔ ہم میں سے اکثر کے خلاف یا تو اب کوئی کیس نہیں ہے یا پھر جانچ چل رہی ہے۔ عدالت نے ہمارے خلاف کوئی زبردستی قدم نہیں اٹھایا کیونکہ ہمارے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت نہیں۔ لہٰذا یہ کہنا کہ ہم دباؤ میں تھے اس لیے شامل ہوئے درست نہیں۔

وزیر بھجبل نے مزید کہا کہ ہم جب بھی اکٹھے بیٹھتے ہیں، اس پر بحث کرتے ہیں۔ ہمارے ساتھ تمام ایم ایل اے ہیں۔ بھجبل نے کہا کہ پوار صاحب نے خود کہا تھا کہ نریندر مودی وزیر اعظم کے طور پر واپس آ رہے ہیں اور ایک مثبت اشارے کے طور پر ہم نے ترقی کے لیے اس حکومت کے ساتھ آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Comments