30 اکتوبر سے پہلے پہلے مالیگاؤں کی سیاست میں بھونچال آنے کی امید

مالیگاؤں، 14 اکتوبر (این ایم این)
پارلیمانی انتخابات کو چھ ماہ، اسمبلی الیکشن کو مُکمّل ایک سال باقی ہیں اور کارپوریشن الیکشن کے آثار تک دکھائی نہیں دے رہے ہیں لیکن مالیگاؤں کی سیاست میں بڑے بھونچال کی آہٹ سنائی دے رہی ہے اس سے انداز ہورہا ہیکہ 30 اکتوبر سے پہلے پہلے مالیگاؤں میں ایک بڑا سیاسی دھماکہ ہوگا

جنتادل سیکولر سے استعفیٰ دینے کے بعد مستقیم ڈگنٹی سے کئی پارٹیوں کے ذمہ داران نے رابطہ کیا، آئندہ کا لائحہ عمل کیا ہو اس کیلئے رائے مشورہ بھی لیا گیا لیکن ذرائع کی بات مان لی جائے تو جنتادل سیکولر کے سابقہ ذمہ داران نے کانگریس میں شمولیت کا من بنا لیا ہے، کہتے ہیں محبت اور سیاست میں کوئی بات نہیں چھپتی اسی کے مصداق نیوز مالیگاؤں نیٹورک کو موصولہ رپورٹ کے مطابق مستقیم ڈگنٹی کانگریس کے ریاستی ذمہ داران سے مسلسل رابطہ میں ہیں یہی نہیں مستقیم ڈگنٹی کانگریس کے اعلیٰ عہدیداروں سے خفیہ میٹنگ بھی کرچکے ہیں، منجملہ طور پر کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان جلد ہی کیا جاسکتا ہے

دوسری جانب کانگریس چھوڑ کر
راشٹروادی میں شامل ہونے والے ذمہ داران گھر واپسی پر غور کررہے ہیں ایسی چہ میگوئیاں بھی جاری ہیں حالانکہ اس میں کوئی بات میں کوئی دم، خم یا صداقت نہیں نظر آتی، اس بات کو محض ایک افواہ قرار دیا جاسکتا ہے کیونکہ ایک ٹرم میئر اور ایک ٹرم رکن اسمبلی رہنے والے آصف شیخ مالیگاؤں کے سب سے زیادہ سیاسی سوجھ بوجھ رکھنے والے سیاستدانوں میں شمار کئے جاتے ہیں ان کا راشٹروادی میں جانے کا فیصلہ دور اندیشی پر مبنی تھا جس کے مثبت و دور رس نتائج کارپوریشن، اسمبلی اور پارلیمنٹ الیکشن میں واضح انداز میں نظر آسکتے ہیں 

علاوہ ازیں سیاسی ماہرین کے مطابق کانگریس صدر اعجاز بیگ کو ہلکے میں نہیں لیا جاسکتا کیونکہ موصوف بیس سال سے زائد سیاسی وقفے میں ایک منجھے ہو سیاستدان بن چکے ہیں "آئی ایم بوس" کہنے والے اعجاز بیگ کرسی صدارت کے جانے کے خدشے کی آہٹ قبل از وقت محسوس کرچکے ہیں اور موصوف نے ناشک دورہ پر آئے کانگریس کے ریاستی ذمہ داران کے کان پر یہ بات ڈال چکے ہیں کہ کسی کو پارٹی میں لینے یا کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے ان کی رائے ضرور پوچھی جائے

سیاسی ماہرین کے مطابق وقت آنے پر مفتی اسماعیل بھی اعجاز بیگ کی صدارت کے بچاؤ کیلئے ان کے سر پر دست شفقت رکھ دیں گے کیونکہ بطور ایک پختہ سیاسی شخصیت مفتی اسماعیل قاسمی اس بات کو قطعی برداشت نہیں کرسکتے کہ مستقیم ڈگنٹی یا خانوادہ شیخ رشید کانگریس کے قریب آئے اور آنیوالے انتخابات میں ان کے مقابل آسکیں

Comments