ممبئی (قومی آواز) مہاراشٹر میں 16 اراکین اسمبلی کی نااہلیت سے متعلق ادھو ٹھاکرے گروپ والی شیوسینا کی طرف سے کیے جا رہے مطالبہ کو مہاراشٹر اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے آج خارج کر دیا۔ اسپیکر نے آج اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ شندے گروپ والی شیوسینا کا کوئی بھی رکن اسمبلی نااہل نہیں ہے۔ ساتھ ہی نارویکر نے یہ بھی کہا کہ شندے گروپ کی شیوسینا ہی اصلی ہے۔ انتخابی کمیشن نے بھی اسی کو اصل شیوسینا مانا ہے اور فیصلے میں اسی کا دھیان رکھا گیا ہے۔اپنا فیصلہ پڑھتے ہوئے اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے کہا کہ شندے کو پارٹی لیڈر عہدہ سے ہٹائے جانے کا اختیار ادھو ٹھاکرے کے پاس نہیں تھا۔ اگر ایسا کیا جانا تھا تو یہ فیصلہ قومی مجلس عاملہ کا ہونا چاہیے تھا۔ وہ (ادھو ٹھاکرے) صرف اس لیے کسی کو نہیں ہٹا سکتے کہ کوئی شخص انھیں پسند نہیں ہے۔ اس لیے شندے کو ہٹایا جانا غلط تھا۔ فیصلہ سناتے وقت اسپیکر نے واضح لفظوں میں کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے شندے گروپ کی شیوسینا کو ہی اصلی مانا ہے، فیصلے میں اس کا خیال رکھا گیا ہے۔
Comments
Post a Comment