مجلس اتحاد المسلمین بھی "مہا وکاس اگھاڑی" میں ہوسکتی ہے شامل

مالیگاؤں، 24 اگست (عامر ایوبی) : این سی پی چیف شردپوار مہاراشٹر میں بی جے پی و اتحادیوں کو اکھاڑ پھینکنے، مہاوکاس اگھاڑی کو مزید مضبوط کرنے کیلئے سرگرم ہوچکے ہیں موصوف نے سیکولر ووٹوں کی تقسیم نہ ہوسکے اس کیلئے مہاوکاس اگھاڑی میں مجلس اتحاد المسلمین، منوج جرانگے و دیگر چھوٹی موٹی پارٹیوں کو بھی ساتھ لینے کا واضح اشارہ دیا ہے

دوسری جانب انقلاب میں شائع شدہ اطلاع کیمطابق  ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے امتیاز جلیل نے کہا کہ "ہم نے مہاوکاس اگھاڑی کے سامنے ایک تجویز پیش کی ہیکہ آپ ابھی سے ہمار لئے سیٹیں طے کر دیجئے تاکہ ہم انہیں سیٹوں پر الیکشن لڑیں اور تاکہ ووٹوں کی تقسیم نہ ہوسکے، اگر آپ نے ہماری تجویز نہ مانی اور ہم نے تنہا الیکشن لڑا تو بعد میں یہ الزام مت دیجئے گا کہ آپ کی وجہ سے ہمیں شکست کا سامنا کرنا پڑا" انہوں نے کہا کہ ہم نے مہاوکاس اگھاڑی سے کہہ دیا ہے کہ "اگر آپ مہاراشٹر سے بی جے پی، ایکناتھ شندے اور اجیت پوار کی حکومت کو ہٹانا چاہتے ہیں تو اس کیلئے ہم آپ کے ساتھ آنے کیلئے تیار ہیں امتیاز جلیل نے کہا کہ "اب تک جتنی باتیں ہوئی ہیں اسمیں مہاوکاس اگھاڑی کی طرف سے مثبت اشارے ملے ہیں"

اگر مہاوکاس اگھاڑی میں مجلس اتحاد المسلمین بھی شامل ہوگئی تو مالیگاؤں سینٹرل حلقہ اسمبلی کی سیٹ کس کو جائیگی؟ یہ سب سے دلچسپ اور اہم سوال ہوگا کیونکہ مہاوکاس اگھاڑی میں شامل کانگریس کی یہ روایتی سیٹ رہی ہے جبکہ مجلس اتحاد المسلمین فی الحال اس سیٹ پر قابض ہے، یقینی طور پر وہ اس سے دستبرداری نہیں کرسکتی سماجوادی پارٹی بھی مہاوکاس اگھاڑی کا حصہ ہے اور یوپی میں کانگریس کا بھرپور ساتھ دینے کے عوض مالیگاؤں کی سیٹ پر وہ دعویداری کرسکتی ہے مہاوکاس اگھاڑی میں شامل شیوسینا ادھو ٹھاکرے سے اب تک کسی نے دعویداری نہیں کی ہے جبکہ شردپوار این سی پی سے آصف شیخ مستعفی ہوچکے ہیں ایسے میں مالیگاؤں سینٹرل حلقہ پر مذکورہ بالا تینوں پارٹیاں اپنا حق جتا سکتی ہیں اگر تینوں اپنی اپنی دعویداری پر بضد رہیں تو پورے مہاراشٹر میں یہ پارٹیاں ایکساتھ لیکن مالیگاؤں میں الگ الگ یعنی دوستانہ ماحول میں الیکشن لڑنے جیسا متبادل بھی استعمال کیا جاسکتا ہے اگر واقعی ایسا ہوگیا تو مالیگاؤں سینٹرل حلقہ اسمبلی سے مجلس اتحاد المسلمین، کانگریس اور سماجوادی پارٹی تینوں کے امیدوار میدان میں دوستانہ ماحول میں ایکدوسرے کیخلاف میدان میں ہونگے آنیوالے دنوں میں مطلع صاف ہوجائے گا

Comments