کارپوریشن الیکشن کیلئے سماجوادی پارٹی کی تیاری شروع

مالیگاؤں، 9 مئی (راست / نیوز مالیگاؤں) سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد جس میں مہاراشٹر کی کارپوریشن انتخابات جلد کرانے کا حکم دیا گیا ہے، مالیگاؤں میں سیاسی سرگرمیاں تیزی سے بڑھنے لگی ہیں۔ سماجوادی پارٹی صدر شان ہند نہال احمد کی قیادت میں مضبوطی کے ساتھ الیکشن میں حصہ لے گی، اسی سلسلے میں مالیگاؤں شہر کے سرگرم سماجوادی نوجوان قائد مستقیم ڈگنیٹی، ایڈوکیٹ توصیف شیخ اور عبدالرحمٰن انصاری ممبئی پہنچے، جہاں انہوں نے سماجوادی پارٹی کے مہاراشٹر سیکریٹری پرویز صدیقی سے ریاستی دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مالیگاؤں کی بدلتی ہوئی سیاسی فضا، پارٹی کی موجودگی، ووٹرز کی ترجیحات، اور آئندہ بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ 

اس سیاسی سرگرمی کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے، سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر اور رکن اسمبلی جناب ابوعاصم اعظمی 21 جون کو مالیگاؤں کا دورہ کریں گے۔ ان کے اس دورے کو پارٹی کے لیے نہایت اہم تصور کیا جا رہا ہے، جس میں مالیگاؤں شہر سماجوادی پارٹی صدر و ذمہ داران سمیت خواہشمند اُمیدوار و پارٹی کے ریاستی عہدیداران کے ساتھ مشترکہ کانفرنس ہوگی.

Comments