شہداء کے انصاف کے لیے آخری سانس تک لڑیں گے“ آصف شیخ رشید

نئی دہلی، 7 اگست: (نیوز مالیگاؤں) مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کے کنوینر آصف شیخ رشید کی قیادت میں فرحان شیخ اور جنید عالم پر مشتمل ایک خصوصی وفد نے دہلی میں راجیہ سبھا کے سابق رکن پارلیمنٹ جناب محمد ادیب صاحب سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں 2008 کے مالیگاؤں بھیکو چوک بم دھماکے کے مقدمے اور حالیہ NIA عدالت کے فیصلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس ملاقات میں اس بات پر شدید تشویش ظاہر کی گئی کہ NIA عدالت کے فیصلے میں تمام ملزمان کو ناکافی ثبوت کی بنیاد پر بری کر دیا گیا، جس سے 17 سالوں سے انصاف کے منتظر شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ کو سخت دھچکا پہنچا ہے۔

اس موقع پر محمد ادیب صاحب نے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کی سنجیدہ کوششوں کو سراہا اور مکمل قانونی تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے معروف سینئر وکیل جناب کپل سبل کے قریبی ساتھی ہیں، اور سلمان خورشید و اُن کے فرزند بیرسٹر ظفر خورشید کے ساتھ مل کر ایک قانونی ماہرین کا پینل تشکیل دیں گے، جو NIA کے فیصلے کا بغور مطالعہ کر کے قانونی امکانات پر غور کرے گا — اور پھر اسی بنیاد پر آگے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

اس موقع پر کنوینر آصف شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا:
"ہم صرف ملزمان کی رہائی پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے۔ اگر عدالت نے ناکافی ثبوت کی بنیاد پر فیصلہ دیا ہے تو سوال یہ ہے کہ پھر اصل مجرم کہاں ہیں؟ ہم انصاف کی جدوجہد میں شہداء کے ورثاء کے ساتھ کھڑے ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ مالیگاؤں واپسی کے بعد مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کی لیگل ٹیم اور دیگر اراکین کے ساتھ ایک خصوصی میٹنگ بلائی جائے گی، جس میں دہلی میں ہونے والی مشاورت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

Comments