مالیگاؤں، 15 اکتوبر (پریس ریلیز) : اردو لائبریری کے زیرِ اہتمام "یومِ ترغیبِ مطالعہ" کے عنوان سے ایک نہایت شاندار، بامقصد اور کامیاب تقریب منعقد ہوئی۔ یہ پروگرام بدھ کی صبح 11 بجے بڑے تزک و احتشام کے ساتھ شروع ہوا۔
تقریب کی صدارت جناب عبدالحکیم شیخ (آئی آئی ٹی گوہاٹی، اے ایچ سی اکیڈمی، مالیگاؤں) نے فرمائی، جبکہ افتتاح جناب فیض عامر (چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ) کے مفید اور پراثر کلمات سے عمل میں آیا۔
اس موقع پر بطور مہمانِ خصوصی جن شخصیات نے شرکت فرمائی اُن میں ڈاکٹر پرویز فیضی (میڈیکل آفیسر، سول اسپتال مالیگاؤں)، معروف آرکیٹیکٹ جناب ریحان شیرازی، محترمہ پروین ہاشم علی (چیرپرسن، مون لائٹ ایجوکیشن سوسائٹی)، پروفیسر ڈاکٹر ایاز شاہ، معروف شاعر و افسانہ نگار جناب طاہر انجم صدیقی، پروفیسر اسماعیل وفا صاحب، ڈاکٹر مبین نذیرصاحب، پروفیسرپرگیہ دیورے(سٹی کالج)، فیضی ابوزر صاحب، اور خالد قریشی صاحب شامل تھے۔
اپنے صدارتی خطاب میں جناب عبدالحکیم شیخ نے کہا:
“مطالعہ انسان کو وقت کے صحیح استعمال کا شعور دیتا ہے۔ کتابیں شخصیت سازی کا بہترین ذریعہ ہیں، اور جو شخص مطالعہ سے دور ہے وہ ترقی کی منزل طے نہیں کرسکتا۔”
جبکہ افتتاحی تقریر میں جناب فیض عامر نے اپنے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا:
“کتاب متاعِ وقت اور کاروانِ علم میری طالبِ علمی کے دور کا ایک سنگِ میل ثابت ہوئی۔ مطالعہ کے بغیر اعلیٰ تعلیم کا حصول ممکن نہیں۔”
تحریک صدارت جناب مظہر شوقی نے پیش کیا، جبکہ تقریب کی غرض و غایت ڈاکٹر احتشام دانش نے نہایت جامع انداز میں پیش کی۔
تقریب میں جے اے ٹی سینئر کالج، سٹی کالج اور مون لائٹ ایجوکیشن سوسائٹی کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ اختتامی لمحات میں ایک دلچسپ سوال و جواب سیشن منعقد ہوا، جس میں طلبہ نے مہمانانِ گرامی سے مطالعہ اور کتابوں کی اہمیت پر نہایت عمدہ سوالات کیے۔
آخر میں جاوید شوکت عزیز کے پراثر کلماتِ تشکر کے ساتھ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔
یہ پروگرام اردو لائبریری کی جانب سے فروغِ مطالعہ اور علمی بیداری کے لیے ایک قابلِ تقلید کوشش ثابت ہوا۔
Comments
Post a Comment